2024 March 29
اسلام آباد کی اہم شاہر اہ پر داعش کا جھنڈا ،محرم میں سیکورٹی خدشات بڑھ گئے
مندرجات: ١٠٤٢ تاریخ اشاعت: ٢٧ September ٢٠١٧ - ٠٩:٠٩ مشاہدات: 1003
خبریں » پبلک
اسلام آباد کی اہم شاہر اہ پر داعش کا جھنڈا ،محرم میں سیکورٹی خدشات بڑھ گئے

شیعیت نیوز: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے شدت پسند گروپ داعش کے جھنڈے قبضہ میں لیے ہیں۔

شام اور عراق میں سرگرم تکفیری دہشتگرد گروپ کے جھنڈے وفاقی دارالحکومت کی مصروف ترین شاہراہ ایکسپریس ہائی وے پر اقبال ٹاون کے مقام پر ایک پل پر لگائے گئے تھے۔

کالعدم تنظیم کے جھنڈے نامعلوم افراد کی جانب سے لگائے گئے جن پر داعش کا ”لوگو“ بھی بنا تھا۔ جھنڈوں پر”خلافت آ رہی ہے “ کے نعرے بھی درج تھے جس پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے جھنڈوں سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے قریبی علاقوں میں داعش کے لیے ہمدردی رکھنے والے مبینہ عناصرکو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ داعش کے مونوگرام والے جھنڈے اقبال ٹاون میں پل پر لگائے گئے تھے۔پولیس نے یہ جھنڈے لگنے کی اطلاع دینے والے شخص کو حراست میں لیا ہے جس نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ اس نے ٹی وی پر داعش کے جھنڈے دیکھ رکھے تھے لہذا اسلام آباد میں نظر آنے پر اس نے پولیس کو اپنے موبائل فون سے اطلاع دی۔

ابھی تک پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو معلوم نہیں ہو سکا کہ انتہائی محفوظ علاقے میں جھنڈے لہرانے والے کون ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے گرفتاریاں سامنے آئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران علاقے میں مختلف مقامات پر نصب کیمروں کی مدد سے ملوث افراد کو شناخت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کےلیے پرنٹنگ کا کاروبار کرنے والے کچھ مقامی لوگوں سے بھی معلومات اکھٹی کی جائیں گی۔

وزارت داخلہ کے ایک سنئیر اہلکار نے رابطہ کرنے پر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انتہائی محتاط انداز میں بتایا کہ علاقے میں ایک جھنڈا ملنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں اور انہوں نے معاملہ کی جانچ کیلئے آئی جی کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

داعش کے جھنڈے لگنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں داعش کے مونوگرام والے کچھ جھنڈے پی او ایف کمپلیس کے مرکزی دروازے کے قریب لہراتے پائے گئے تھے۔

اسلام آباد کے جس علاقے اقبال ٹاون میں کالعدم تنظیم داعش کے جھنڈے لگائے گئے اس سے دس منٹ کی مسافت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کا دفتر جبکہ وفاقی پولیس کا اسٹیشن بھی موجود ہے جبکہ یہ وہ راستہ ہے جہاں سے صدر، وزیراعظم سمیت تمام غیرملکی شخصیات سرکاری اہم عمارتوں سے ائیرپورٹ تک کا لازمی سفر کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں اربوں روپے کی لاگت سے سیف سٹی منصوبہ شروع کیا گیا تھا جس میں دو ہزار سے زائد مقامات پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ لیکن پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اقبال ٹاؤن کے اس پل پر جہاں جھنڈا لگا، کوئی کیمرہ نصب نہیں تھا۔





Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات