2024 March 29
شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پاکستان میں احتجاجی مظاہرے
مندرجات: ١٥٢٥ تاریخ اشاعت: ٣٠ April ٢٠١٨ - ٠٩:٣٤ مشاہدات: 1306
خبریں » پبلک
شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پاکستان میں احتجاجی مظاہرے

پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف زبردست احتجاج ہوا ہے اور اس ملک کی سیاسی امور مذھبی جماعتوں نے اس کی مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) بیت نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کوئٹہ اور ڈیرا اسماعیل خان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کل کوئٹہ کے میزان چوک پر عوام کی بڑی تعداد نے دھرنا دیا اور اس کی مذمت کی۔ واقعہ کے خلاف تاجر برادری نے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رکھیں۔

اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں دن دھاڑے شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ نے ریاستی اداروں کی کارکردگی پر بہت سے سوالات پیدا کر دیئے ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم ہزارہ برادری کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔

 مجلس وحدت مسلمین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی اتنی بڑی تعداد ہونے کے باوجود چھوٹے سے شہر کوئٹہ میں دہشتگرد دن دہاڑے معصوم شہریوں کا قتل کرکے فرار ہو جاتے ہیں اور یہ بات تشویشناک ہے اور یہ خفیہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

 مجلس وحدت مسلمین نے ریاستی اداروں کو متوجہ کیا کہ ڈیرا اسماعیل خان سے کوئٹہ تک ٹارگٹ کلنگ کا نیا سلسلہ گذشتہ کچھ عرصہ سے دوبارہ سر اٹھا رہا ہے لیکن افسوس اس جانب توجہ نہیں دی جا رہی۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے کوئٹہ میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں جاری شیعہ ہزارہ قبیلہ کی ٹارگٹ کلنگ ریاستی اداروں کی غفلت اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے سماجی کارکن، سابق مرکزی صدر سید رحمٰن شاہ کی جبری گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیاں بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہیں، سماجی کارکن سید رحمٰن شاہ سمیت دیگر نوجوانوں کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔

واضح رہے کہ کل صبح کوئٹہ کے علاقے جمال الدین افغانی روڈ پر تکفیری دہشتگردوں نے الیکٹرک ورکس کی دوکان پر بیٹھے دو شیعہ مسلمانوں جعفر علی اور محمد علی کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔

یاد رہے کوئٹہ میں آئے دن شیعہ ہزارہ مسلمانوں کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جس کے خلاف شدید احتجاج بھی ہوتا رہا ہے اور کل بھی میزان چوک پر زبردست احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔




Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات